خوب تھا دونوں کا رشتہ شام تک۔۔۔۔۔۔۔ادریس آزاد
خوب تھا دونوں کا رشتہ شام تک۔۔۔۔۔۔۔ادریس آزاد
27 اپریل 2020
خوب تھا دونوں کا رشتہ شام تک
لے گئی دیوار سایہ شام تک
کون جانے کس قدر تھا جاں گُسل
کشٹ جو سورج نے کاٹا شام تک
اُس کی آنکھیں دیکھ کر ایسا لگا
جھیل سے نکلے گا دریا شام تک
شام تک آئیگا وہ اُس نے کہا
بیت جائے گا زمانہ شام تک
شہر کے جنگل میں حسبِ آگہی
زندگی کا مور ناچا شام تک
دُور پربت پر کہیں، کوہ ِ ستم
برف پر سورج نے توڑا شام تک(۱)
تم نہیں آئے تھے چندا! اس لیے
آج بھی سورج نہ ڈوبا شام تک
رات تو اپنی ہے کٹ ہی جائیگی
بس مجھے دے دو سہارا شام تک
آج بھی نکلا نہ جب وہ آفتاب
آج بادل خوب برسا شام تک
ادریس آزاد
(۱) معروف شاعر سیدسلمان گیلانی کا ایک مضمون اس میں دہرایا گیا ہے، فقط فی البدیہہ ہونے کی وجہ سے ایسا ہوا۔ کتاب میں شامل نہ کرونگا۔ ان کا شعر زیادہ اچھاہے جو کہ یہ،
برف پر سُورج نے توڑا ظلم کا ایسا پہاڑ
آبشار اُتری فرازِ کوہ سے روتی ہوئی
دوبارہ ادریس آزاد