تحیّر سے مُکرتی ہوئی آنکھ۔۔۔۔۔۔۔ادریس آزاد

تحیّر سے مُکرتی ہوئی آنکھ۔۔۔۔۔۔۔ادریس آزاد

24 اپریل 2020

حسن خود شاہد ِ اوّل بھی ہے اعظم بھی ہے

حسن خود دیکھتاہے

اپنی حسیں آنکھوں سے

حسن خود چنتا ہے ناظر اپنے

کون دیکھے گا اُسے

کون نہ دیکھے گا اُسے

کس کی موجودگی میں پردہ گرانا ہے اُسے

کس کے ہوتے ہوئے چہرے کو چھپانا ہے اُسے

کس کی آنکھوں سے جھلکتے ہوئے شکووں

پہ عنایت کی نظر کرنی ہے

کس کی بے باک نگاہی پہ تڑپنا ہے

مزہ لینا ہے

کس کو حق دینا ہے

اور چھیننا ہے کس سے حق

کس کی نظروں کو ہٹانا ہے پرے

جلوۂ بے پردہ سے قبل

مرتکب کون ہے آوارہ نگاہی کا یہاں

کس کی آنکھوں کو نکلوانا ہے

حسن خود بھی تو حسین آنکھوں کا مالک ہے

جو خود دیکھتاہے

ہرگھڑی دیکھنے والوں کی نظر دیکھتا ہے

وہ حسیں آنکھیں

جو اندھوں کو سلامت کردیں

وہ حسیں آنکھیں کہ دیکھیں تو قیامت کردیں

وہ حسیں آنکھیں جو خود دیکھتی رہتی ہیں

سبھی آنکھوں کو

وہ جو سب جانتی پہچانتی ہیں

کتنی بے تابی سے تکتی ہیں

اُس اِک دید کی راہ

بس وہ اِک دید

وہ رازوں کو چھپاتی ہوئی دید

وہ نظر جو کسی پردے کو اُٹھاتی ہی نہیں

دیکھ لیتی ہے مگر شور مچاتی ہی نہیں

جس کی آنکھوں کی طلب حسن کو ہے

حسن خود بھی تو حسیں آنکھوں کا شیدائی ہے

بے نیازانہ تحیّر سے مُکرتی ہوئی آنکھ

شوکتِ حسن کی پرواہ نہ کرتی ہوئی آنکھ

ادریس آزادؔ