دعا کو ذہن پہ ایسے سوار کرلیاجائے۔۔۔۔۔۔۔ادریس آزاد

دعا کو ذہن پہ ایسے سوار کرلیاجائے۔۔۔۔۔۔۔ادریس آزاد

5 اپریل 2020

دعا کو ذہن پہ ایسے سوار کرلیاجائے

کہ دستِ کون و مکاں زیرِ بار کرلیاجائے

اِسے خدا سے تعلق سا ربط کہتے ہیں

ملے بغیر اگر اعتبار کرلیاجائے

وہ جس کے حُسن سےپیہم فساد جاری ہے

اُسے بھی فتنہ گروں میں شمار کرلیاجائے

تمہارے چہرے سا چہرہ، تمہارے کام سا کام

تمہارا نام بھی اب اختیار کرلیاجائے

میں یوں تو بس ابھی جانے کے انتظام میں ہوں

ذرا سا اور ترا انتظار کرلیاجائے

سجا کے جیت کے تمغےتو سب ہی آتے ہیں

مزہ تو جب ہے کہ انعام ہار کرلیاجائے

ادریس آزاد