زمام ِ لمحۂ موجود بس میں رہتی ہے۔۔۔۔۔۔۔۔ادریس آزاد
زمام ِ لمحۂ موجود بس میں رہتی ہے۔۔۔۔۔۔۔۔ادریس آزاد
14 مارچ 2020
زمام ِ لمحۂ موجود بس میں رہتی ہے
یہ کائنات مری دسترس میں رہتی ہے
حصار ِ جسم سے نکلے تو خودکوپہچانے
خدا کی رُوح ابھی خاروخس میں رہتی ہے
عروس ِ دہر کے اُترے ہوئے لباس سے عقل
حواس میں نہیں رہتی ہوس میں رہتی ہے
تمام عمر زباں سے نکل نہیں پاتی
وہ دل کی بات جو سولہ برس میں رہتی ہے
کھُلا یہ راز دھڑکتے، پھڑکتے دل کی طرح
یہ کائنات کی چڑیا قفس میں رہتی ہے
ہرایک سانس سفر کی نقیب ہے جیسے
صدائے کُوچ ہمیشہ جرس میں رہتی ہے
جو ماں کی چھاتی پہ کھلتے ہیں دو گلاب کے پھول
تمام عمر وہ خُوشبُو نفس میں رہتی ہے
ادریس آزاد