عیاں اُتنی ہی اُس پر ذات ہوگی۔۔۔۔۔۔۔ادریس آزاد
عیاں اُتنی ہی اُس پر ذات ہوگی۔۔۔۔۔۔۔ادریس آزاد
17 مارچ 2020
عیاں اُتنی ہی اُس پر ذات ہوگی
کسی کی جس قدر اوقات ہوگی
دھڑکتے دِل کی رُکنے تک ہمیشہ
دِگرگوُں صورت ِ حالات ہوگی
حقیت میں جو ہوگا حشر کا دن
وہ اِک نصف النّہاری رات ہوگی
مسلسل خواب کی تعبیر کیا ہو؟
تمہارے جاگنے پر بات ہوگی
یونہی بھوکا پڑا مرجاؤنگا میں
نہیں لونگا اگر خیرات ہوگی
یہ آنسو بھاپ ہوتی ہے لہوکی
جہاں گرمی بڑھی برسات ہوگی
وزیروں، شہسواروں، کاہنوں کی
پیادہ چل پڑا تو مات ہوگی
ادریس آزاد